Thursday, March 28, 2024

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ٹٰیموں نے ستاروں کا انتخاب کرلیا

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلئے ٹٰیموں نے ستاروں کا انتخاب کرلیا
October 20, 2016
دبئی (92نیوز)پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے پانچوں ٹیموں نے اپنی اپنی پسند کے ستارے چن لیے۔ لاہور قلندر نے اظہر علی کی بجائے برینڈن میک کولم کو کپتان بنا دیا، سہیل تنویر کے بدلے کرس گیل کو کراچی کنگز کے حوالے کر دیا۔ مصباح الحق، شاہد آفریدی، شعیب ملک اور سرفراز احمد اپنی اپنی ٹیموں میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گئے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان سپر لیگ  کے دوسرے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا۔ پانچوں فرنچائزوں نے اپنی اپنی پسند کے کھلاڑی چن لیے۔ چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ  نے مصباح الحق سمیت فاتح ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے اورٹیم میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔ گزشتہ ایڈیشن میں سب سے پیچھے رہ جانے والی لاہور قلندرز کو پہلے انتخاب کا حق دیا گیا اور انہوں نے اظہر علی کی جگہ ٹیم کی قیادت کے لیے نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم کا انتخاب کیا  جبکہ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کو فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کے عوض کراچی کنگز کے ہاتھ فروخت کر دیا۔ کراچی کنگز  نے گیل کے ساتھ ساتھ ان کے ہم وطن کیرن پولارڈ کو بھی خریدا ہے جبکہ گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے سابق سری لنکن کپتان کمارا سنگا کارا کو بھی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے جبکہ کپتان شعیب ملک کو برقرار  رکھا گیا ہے۔ پشاور زلمی نے شاہد آفریدی  کو کپتان برقرار رکھا ہےجبکہ انگلینڈ کے ون ڈے کپتان ایائن مورگن  اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد بھی بدستور ٹیم کا حصہ ہیں ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوینٹی کپتان کارلوس بریتھوایٹ کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔