Thursday, May 2, 2024

شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تعزیے، علم اور ذوالجناح کے جلوس

شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تعزیے، علم اور ذوالجناح کے جلوس
October 12, 2016
لاہور(92نیوز)شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں تعزیے، علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے ۔  کئی شہروں میں جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے منزل پرپہنچ کر ختم ہوگئے۔  جلوسوں کے بعد شام غریباں کی مجالس  چل رہی ہیں ۔مجالس اور جلوسوں میں ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ تفصیلات کےمطابق لاہور سمیت ملک بھرمیں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے تعزیے ،علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے ۔لاہور کا بڑا جلوس نثار حویلی سے شروع ہوکر کربلا گامےشاہ پر اختتام پذیر ہوا ۔ بعدازاں شام غریباں برپا کی گئی۔ راولپنڈی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوا۔ جلوس کو آنے والے تمام راستے کنٹینرزاور خاردار تاریں لگا کر بند کر دئیے گئے تھے  جبکہ  سی  سی ٹی وی کیمروں ،ہیلی کیم اور ہیلی کاپٹرسے جلوس کے شرکا  کی نگرانی کی جاتی رہی سیالکوٹ میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربتول اڈا پسروریاں سے برآمد ہوا عزادارتمام  راستے  نوحہ  خوانی اور  سینہ کوبی کرتے رہے۔ گوجرانوالہ میں  علم ،ذوالجنا ح اور تعزئیے کے چھوٹے بڑے اٹھاسی جلوس برآمد ہوئے جو بعد میں امام بارگاہ گلستان معرفت سے نکلنے والے مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے  جلوس کے راستوں  میں   دودھ  اورشربت کی سبیلیں بھی  لگائی گئی تھیں۔   شہدا کربلا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے  فیصل  آباد میں یوم  عاشور کا مرکز ی جلاس دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا جس میں  عزاداروں نے  بڑی  تعداد میں شرکت کی،، جبکہ چھ  ہزار سے زائد پولیس اہلکار   سکیورٹی پر مامور رہے ۔ ملتان میں  فوج اور رینجرز کی نگرانی میں  ایک  سو  سترہ  جلوس نکالے  گئے  جس میں  عزاداروں نے سینہ کوبی کر کے غم حسین منایا۔ سکھر میں بھی   شہدا   کربلا  کی یاد   میں  یوم   عاشور کے جلوس نکالے  گئے جس میں  بچوں اور خواتین نے بھی شرکت کی۔ حیدرآباد میں  قدم گاہ مولا علی سے مرکزی جلوس  برآمد ہوا جبکہ رینجرز اور پولیس کے اہلکار  جلوس  ختم ہونے تک  عزاداروں کی حفاظت پر مامور رہے ۔