Thursday, March 28, 2024

کراچی : ٹارگٹ کلر عبدالمالک بنگالی پولیس مقابلے میں مارا گیا

کراچی : ٹارگٹ کلر عبدالمالک بنگالی پولیس مقابلے میں مارا گیا
October 3, 2016
کراچی (92نیوز) پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم عبدالمالک بنگالی مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم عبدالمالک بنگالی ملیر ندی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔ ایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی نے دعویٰ کیا کہ ملزم کے ساتھی امتیاز اور فیصل بنگالی نے پولیس پر حملہ کیا تو جوابی فائرنگ میں ملزم عبدالمالک بنگالی مارا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش صبح چار بجے پولیس موبائل میں جناح اسپتال لائی گئی تھی۔ عبدالمالک بنگالی کو رینجرز نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کورنگی سے گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کیا تھا۔ ملزم عبدالمالک اور امتیاز کو کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بیس ستمبر کو پولیس اہلکار یوسف لودھی کے قتل کیس میں گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزموں کو عدالت میں پیش کیا جاتا رہا تاہم ستمبر کو عدالت سے واپسی پر ملزم عبدالمالک ساتھی امتیاز کے ساتھ کورنگی کاز وے پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا تھا۔ ابتدائی طور پر واقعے میں محفوظ رہنے والے تفتیشی افسر واسع جوکھیو نے بیان دیا تھا کہ نامعلوم ملزم موٹر سائیکل پرآئے اور گاڑی پر فائرنگ کرکے ساتھی عبدالمالک اور امتیاز کو ہم سے چھڑوا کر فرار ہوگئے تاہم تفتیشی ٹیموں نے واسع جوکھیو کے بیان کو غلط قرار دیدیا اور تفتیشی افسر کو شامل تفتیش کرلیا تھا۔ ملزم عبدالمالک بنگالی نے دوبارہ گرفتاری کے بعد سارا کچا چٹھا کھول دیا تھا۔ ملزم نے بیان دیا تھا کہ فرار ہونے کیلئے پولیس کو پیسے نہیں دیے بلکہ تفتیشی افسر کی بے وقوفی سے فرار کا موقع ملا تھا۔ ملزم نے بتایا تھا کہ وہ یہ جان چکا تھا کہ تفتیشی افسر واسع جوکھیو گاڑی چلاتے ہوئے پستول سیٹ کے نیچے رکھتا ہے۔ جب تیسری بار عدالت گئے تو امتیاز نے پستول چھپا لیا۔ عدالت سے تھانے منتقلی کے دوران کازوے پہنچے تو امتیاز نے پہلے رفیق پھر دائم پر گولی چلائی۔ ملزم نے بیان دیا تھا کہ انہوں نے واسع جوکھیو کو جان سے مارنے کی دھمکی دیکر مزاحمت سے روک دیا تھا۔ ملزموں نے گولی مار کر ہتھکڑی توڑی اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے تھے۔