Tuesday, April 16, 2024

ٹاپ ٹین وزرا کی فہرست میں نہ آنے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی برہم

ٹاپ ٹین وزرا کی فہرست میں نہ آنے پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی برہم
February 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ٹاپ ٹین وزرا کی فہرست میں نہ آنے پر وزیرخارجہ برہم ہو گئے۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کو خط لکھ کر احتجاج کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سرٹیفکیٹ کیا بانٹے اپنوں کو ہی ناراض کر دیا۔ وزیر خارجہ کو ٹاپ ٹین میں جگہ نہ دینا سخت ناگوار گزرا۔ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی کو احتجاجی خط لکھ ڈالا۔ وزیر خارجہ نے ٹاپ ٹین پوزیشنز پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اپنی وزارت کی کارکردگی بھی گنوائی۔ خط میں سوال اٹھائے اور تحریری جواب بھی مانگے۔

پروگرام نائٹ ایڈیشن میں وزیر اطلاعات نے اہم وزارتوں کو ایوارڈ نہ ملنے کی وضاحت بھی دے دی اور ساتھ ساتھ اپنی وزارت کے نفع نقصان سے بھی آگاہ کیا۔

ایوارڈ نہ ملنے پر وزیر مملکت علی محمد خان نے تو خود کو بارہواں کھلاڑی قرار دے دیا۔ سینیٹ میں دبے الفاظ میں احتجاج کیا۔

وزیراعظم  نے بہترین کارکردگی دکھانے والے 10 کھلاڑیوں کوسرٹیفکیٹ دیئے جس میں  مراد سعید کی وزارت مواصلات نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی دوسرے اور ثانیہ نشتر تیسرے نمبر پر رہیں۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیرخزانہ شوکت ترین، وزیردفاع پرویز خٹک اور وزیرتوانائی حماد اظہر کی وزارتیں بہترین کارکردگی کی فہرست میں جگہ نہ بنا سکی تھیں۔