Saturday, July 27, 2024

طالبان نے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کیے، وفد اقوام متحدہ

طالبان نے خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کیے، وفد اقوام متحدہ
January 21, 2023 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) - افغانستان کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے وفد نے کہا ہے کہ طالبان نے خواتین کے حوالے سے جتنی سخت پالیسیاں نافذ کی ہیں اب اُن میں نرمی کیلئے کئے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔

کابل کا دورہ کرنے والے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا یہ بالکل واضح طور پر دیکھا گیا ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے حقوق سلب کیے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بہتری کے لیے بھی کچھ اقدامات کیے گئے مگر وہ ناکافی ہیں۔ انسانی امدادی تنظیموں کو اپنے آپریشنز جاری رکھنے اور بعض جگہوں کو ازسرنو شروع کرنے کیلئے چھوٹ دی گئی ہے مگر یہ محدود حد تک ہیں۔

اقوام متحدہ کے وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد اور اقوام متحدہ کی خواتین کیلئے ایگزیکٹو سیکرٹری سیما باہوس شامل تھیں۔ وفد نے چار روز کے دوران کابل اور قندھار میں طالبان رہنماؤں، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والی مختلف اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔