اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے فواد چودھری کی قیمتی گھڑی سے متعلق بیان کو جھوٹ قرار دے دیا۔
عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا قیمتی گھڑی کی مالیت 2 ارب روپے بنتی ہے۔ اس گھڑی کا دیگر گھڑیوں سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ بیچی گئی گھڑی دنیا میں ایک ہی گھڑی تھی۔ تحریک انصاف نے گھڑی خریدنے اور فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔ توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف بیچنا بڑا اسکینڈل ہے۔ پچھلی حکومت میں تحائف کہاں سے ملے اور کہاں بیچے سب پتا چل گیا ۔ عمران خان نے جو گھڑی بیچی اس کی خاص بات تھی کہ وہ اپنے ڈیزائن کی واحد گھڑی تھی۔
انہوں نے کہا وفاقی حکومت فرح خان کے ریڈ وارنٹ کرنے جا رہی ہے کیونکہ انہیں پاکستان لا کر بہت سی تحقیقات کرنی ہیں۔ اس معاملے پر نہ صرف نااہلی سامنے آئی بلکہ کرمنل کیس بھی ہو گا۔ کسی وزیراعظم پاکستان نے منصب پر بیٹھ کر اتنی بڑی چوری نہیں کی۔ اس معاملے پر ایف آئی اے کی انکوائری شروع کرنے جا رہے ہیں۔ اس میں آپ کو قید بھی ہو سکتی ہے اور ہو گی۔