Friday, March 29, 2024

شہباز گل کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد، عدالت کا پیر تک پمز میں زیر علاج رکھنے کا حکم

شہباز گل کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد، عدالت کا پیر تک پمز میں زیر علاج رکھنے کا حکم
August 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پیر تک معطل کردی۔ عدلت نے شہباز گل کو پمز میں رکھنے اور دوبارہ میڈیکل کرانے کا بھی حکم دے دیا۔

میڈیکل بورڈ کی سفارش پر شہباز گل کو آج صبح پمز سے ڈسچارج کیا گیا، میڈیکل رپورٹ میں شہباز گل کی صحت تسلی بخش قرار دی گئی۔

بعد میں شہبازگل کو بغیر ماسک وہیل چیئر پر بیٹھا کر ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان کی عدالت میں لایا گیا، شہباز گل نے احاطہ عدالت میں چلانا شروع کردیا۔

شہباز گل نے کہا کہ پولیس نے میرا ماسک چھین کر اتار دیا، مجھے آکسیجن ماسک دے دیں، رات دو بجے تک مجھے یہ ٹیکے لگاتے رہے ہیں، میں دمے کا مریض ہوں مجھے آکسیجن کی سخت ضرورت ہے، جس پرعدالت نے انہیں فوری طور پر آکسیجن ماسک فراہم کرنے کا حکم دیا۔

وکیل فیصل چودھری نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل سیڑھیاں چڑھ کر اوپر نہیں آسکتے جس پر جج نے پولیس کو ملزم کو اُٹھا کر اوپر لانے کی ہدایت کی، بعد میں شہباز گل خود سیڑھیاں چڑھ کر عدالت پہنچے۔

وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج کا دیا گیا ریمانڈ مکمل ہوچکا جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ شہباز گل کی بیماری کے باعث دو روزہ ریمانڈ شروع ہوا ہی نہیں۔

اسلام آباد پولیس نےعدالت سے شہبازگل کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی جس کی شہبازگل کے وکیل نے مخالفت کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ راجہ فرخ علی خان نے بعدازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پولیس کے ریمانڈ کی استدعا کو معطل کر دیا اور شہباز گِل کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا، عدالت نے شہباز گل کا دوبارہ میڈیکل کرا کر اس کی رپورٹ پیر تک جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔