Tuesday, May 7, 2024

سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد پولیس نے کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا

سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد پولیس نے کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا
December 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد پولیس نے کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ کوئٹہ پولیس کی خصوصی ٹیم اعظم سواتی کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پہنچی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد کوئی قانون نہیں کہ وزارت داخلہ رپورٹ طلب کر سکے ۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا کوئی ایڈمنسٹریٹو کنٹرول نہیں؟ یا کنٹرول ہے ؟  جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ مرکز صوبے سے پولیس سے متعلق پالیسی معاملات میں کوآرڈینیشن رکھ سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تمام بنیادی حقوق پالیسی معاملات ہیں اور مرکز یہ معلومات صوبوں سے لے سکتا ہے۔اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا کہ یا تو یہ کلئیر موقف لے لیں کہ فیڈریشن کا فیص آباد سے آگے کوئی اختیار نہیں۔

بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک یہ معلومات نہ آجائیں، تب تک اعظم سواتی کو کہیں منتقلی سے روکا جائے جس پر عدالت نے اعظم سواتی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا،  جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان پولیس اعظم سواتی کو کچلاک جیل میں منتقل کر دیا ہے۔