Thursday, April 18, 2024

سینیٹر اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

سینیٹر اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
October 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینیٹر اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔

سوشل میڈیا پر متنازع بیان پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کر لیا ۔ اعظم سواتی کو رات گئے چک شہزاد فارم ہاؤس اسلام آباد میں اُن کے گھر سے حراست میں لیا گیا۔

ایف آئی اے ٹیم نے اعظم سواتی کو صبح سینئر سول جج شبیر بھٹی کی عدالت میں پیش کیا ۔ ایف آئی اے کی جانب سے   7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے دو روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

عدالت میں  پیشی کے موقع پر اعظم سواتی نے کہا کہ انسانی حقوق اور آئین کی خلاف وزری نہیں کی بلکہ مجھے ایف آئی اے نے ایک ٹوئٹ پر گرفتار کیا۔ مجھ پر تشدد کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماء بابراعوان نے گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بعد ازاں ایف آئی اے  ٹیم اعظم سواتی کو لیکر اپنے دفتر روانہ ہو گئی۔