Monday, September 16, 2024

انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے، صدر نے سمری منظور کرلی

انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے، صدر نے سمری منظور کرلی
August 12, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینیٹر انوارالحق کاکڑ نگراں وزیراعظم بن گئے، صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر منظوری دے دی۔

ملک کے نگران وزیراعظم کا اعلان ہو گیا، ذمہ داریاں انوار الحق کاکٹر کے کندھے پر آگئیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کے درمیان باقاعدہ مشاورتی عمل 10 اگست سے شروع ہوا، جس میں مختلف ناموں پر مشاورت ہوئی، گزشتہ روز وزیراعظم نے اعشائیہ میں اتحادیوں کو نگران وزیراعظم پر اعتماد میں لیا۔ فرقین کے درمیان آج دوسری بیٹھک ہوئی جو نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف کے مابین نگران وزیرِ اعظم کی تقرری پر حتمی مشاورتی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوئی،جس میں انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرِ اعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوائی۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ اتفاق ہوا کہ جو بھی نگران وزیراعظم ہو چھوٹے صوبے سے ہوئے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی انوار الحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی، انوار الحق کاکڑ 14 اگست کو بطور نگران وزیر اعظم حلف اٹھائیں گے۔

انوار الحق کاکڑ کا ضلع قلعہ سیف اللہ کےعلاقے کان مہترزئی سے تعلق ہے، انوار کاکڑ کے نگراں وزیراعظم بننے پر علاقے میں جشن کا سماں ہے، کان مہترزئی میں آبائی گھر میں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔

انوار الحق نے ابتدائی تعلیم کوئٹہ سے حاصل کی، کیڈٹ کالج کوہاٹ میں بھی پڑھے، لندن سے بھی گریجویشن کی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے بھی طالب علم رہے، انوار کاکڑ کو پشتو، اردو، بلوچی، براہوی، فارسی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل ہے۔