Saturday, May 18, 2024

سینیٹ سے بھی اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 منظور

سینیٹ سے بھی اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 منظور
January 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2022 منظور ہو گیا۔

بل کی مخالفت اور حق میں 43، 43 ووٹ تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے بل کے حق میں ووٹ دیا۔ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کی تمام ترامیم مسترد کر دیں۔ بل کی منظوری کے دوران اپوزیشن نے احتجاج بھی کیا اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔ ابتداء میں حکومتی سینیٹرز کی تعداد کم تھی جس کے باعث بل کو ایجنڈے میں شامل ہونے کے باوجود پیش نہیں کیا گیا جس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

وقفے کے بعد  بل کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا تو بل کے حق میں  43 جبکہ مخالفت میں 42 ووٹ آئے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی بل پیش کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔ اے این پی کے عمر فاروق کانسی بل کی منظوری کے وقت ایوان سے نکل گئے جب کہ دلاور خان نے حکومت کو ووٹ دیا۔

بل پر رائے شماری کے وقت سینیٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی ایوان سے غیر حاضر رہے۔ بل پر رائے شماری کے بعد سینیٹ نے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے اسٹیٹ بنک ترمیمی بل 2022 سینیٹ میں پیش کیا تو اپوزیشن کی جانب سے آئی ایم ایف کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے بازی کی گئی اور بل کی کاپیاں پھاڑ دیں۔