Sunday, September 8, 2024

سینیٹ اجلاس میں تجارتی اعدادوشمار پر سوالات، سیکرٹری تجارت کی عدم شرکت پر چیئرمین برہم

سینیٹ اجلاس میں تجارتی اعدادوشمار پر سوالات، سیکرٹری تجارت کی عدم شرکت پر چیئرمین برہم
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سینیٹ اجلاس میں تجارتی اعدادوشمار سے متعلق سوالات کے دوران سیکرٹری تجارت کی عدم شرکت پر چیئرمین برہم ہو گئے۔

صادق سنجرانی نے کہا رزاق داؤد اور افسر سینیٹ کو سنجیدہ نہیں لیتے۔ سیکرٹری نہیں آتے تو وزیر اعظم کو انہیں فوری ہٹانے کا خط لکھیں گے۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا افسر کورونا پابندیوں کی وجہ سے نہیں آئے۔

ایوان بالا میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کی گونج سنائی دی۔ سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن بولیں یہ حکومت کارکردگی پر نہیں، چور ڈاکو کرپشن کے بیانیے پر چلی تھی۔ آپ نے کرپشن میں بھی سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں، ماضی کی حکومتوں کو چھوڑیں، اپنا جواب دیں۔

لیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی پیچھے نہ رہے، کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی ‏رپورٹ میں ترقی کے دعوے کرنے والی حکومت کی ادارہ جاتی کرپشن کی نشاندہی ‏کی گئی ہے۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے اپنی حکومت کا بھرپور دفاع کیا۔ تھر کی صوررتحال پر سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تو اپوزیشن نے ایوان میں شور شرابا شروع کر دیا  اور نعرے بازی کی۔

مشیر تجارت عبدالرزاق کی عدم حاضری پر سینیٹ اجلاس سے اپوزیشن واک آوٹ کر گئی جس کے بعد اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس تک ملتوی کر دیا گیا۔