Saturday, May 18, 2024

سینیٹ اجلاس آج بھی اپوزیشن کے احتجاج کی نذر ہو گیا

سینیٹ اجلاس آج بھی اپوزیشن کے احتجاج کی نذر ہو گیا
December 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینیٹ اجلاس آج بھی اپوزیشن کے احتجاج کی نذر ہو گیا۔ حزب اختلاف نے چیئرمین ڈائس کا گھیراؤ کر کے شور شرابہ کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ہی سینیٹر سرفراز بگٹی نے قطر کے امیر کو فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دینے کی قرارداد پیش کی۔ قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری کے فوری بعد تحریک انصاف کے ارکان نے نشستوں سے اٹھ کر چیئرمین سینیٹ کے ڈائس کا گھیرائو کرکے احتجاج کیا۔

اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اچھال دیں۔ اس دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا ترمیمی بل پیش کیا  جسے منظور کر لیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے بل کی منظوری پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے راستے کھلیں گے۔ وزیر مملکت شہادت اعوان نے صنعتی تعلقات بل 2022 بھی پیش کیا جسے متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔  

تحریک انصاف کے ارکان کا احتجاج جاری تھا کہ چیئرمین سینٹ نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔