Sunday, May 19, 2024

سینٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں اور آرڈرز پر نظرثانی کا بل منظور

سینٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلوں اور آرڈرز پر نظرثانی کا بل منظور
May 5, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سینٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلوں اور آرڈرز پر نظرثانی کا بل منظورکرلیا۔ بل کے حق میں 32 اور مخالفت میں 21 ووٹ آئے۔

حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلوں سے متعلق ایک اور قانونی سازی کرلی گئی۔ ن لیگی سینیٹرعرفان صدیقی نے عدالت عظمیٰ کے فیصلوں اور آرڈر پر نظر ثانی کا بل ایوان میں پیش کیا تو اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی۔ اپوزیشن ارکان نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں، چیئرمین ڈائس کا گھیراؤ کرکے بل اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

اپوزیشن کے احتجاج پر سکیورٹی نے حکومتی اور اپوزیشن بینچز کے درمیان حصار باندھ لیا۔

اجلاس میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران حکومت نے بل منظور کرلیا ۔بل کے حق میں 32 اور مخالفت میں 21 ووٹ آئے۔

سینٹ میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے حکومت اور الیکشن کمیشن کو کھری کھری سنا دیں۔

بل کے تحت سپریم کورٹ کے دائرہ اختیارمیں توسیع کی جائے گی، نظرثانی کی درخواست فیصلہ سنانے والے بینچ سے بڑا بینچ سنے گا، نظرثانی دائر کرنے والے درخواست گزار کو اپنی مرضی کا وکیل مقرر کرنے کا حق بھی ہوگا۔ نظر ثانی کی درخواست فیصلے کے 60 روز کے اندر دائر کی جائے گی۔