Friday, April 19, 2024

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری
September 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سیلاب میں پھنسے اکتیس افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

این ایف آر سی سی کے مطابق سیلاب سے اب تک مجموعی طور پر بارہ ہزار سات سو اٹحارہ کلومیٹر کی سڑکیں اور تین سو نوے پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب سے سندھ میں سب سے زیادہ قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ اور بدین متاثر ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی اور لسبیلہ خیبر پختونخوا  میں دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک،ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ پنجاب میں ڈی غازی خان اور راجن پور کے اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔

نیشنل فلڈ رسپانس کوارڈینیشن سینٹر کے مطابق پاک فوج نے ہیلی کاپٹرز کی پانچ سو چھیالیس پروازوں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے چار ہزار چھ سو اڑتالیس افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاک فوج کی جانب سے ملک بھر میں قائم تین سو فیلڈ میڈیکل کیمپس میں ایک لاکھ ستائیس ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا جاچکا ہے۔

این ایف آر سی سی نے بتایا کہ دوست ممالک کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجوایا جارہا ہے۔ ترکی، فرانس، چین، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیم اور متحدہ عرب امارات سے متاثرین کیلئے خوراک، ٹینٹ اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان بھیجوایا گیا ہے۔