Saturday, July 27, 2024

سیلاب سے فصلیں تباہ، ملک میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا، خواجہ آصف

سیلاب سے فصلیں تباہ، ملک میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا، خواجہ آصف
November 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سیلاب سے فصلیں تباہ، ملک میں غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے سردیوں میں رات گزارنا امتحان ہے۔ ہمارے وسائل کا سب کو معلوم ہے، حکومت دوسرے سیکٹرز سے پیسے نکال کر سیلاب متاثرین کو دے رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بلاتفریق امداد ملنی چاہئے۔ ایسے معاملات میں حکومت سیاسی ترجیحات پر کام نہیں کررہی۔ سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی و امداد کے کاموں میں تفریق ہو رہی ہے تو اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے، وہ وزیراعظم سے بھی بات کریں گے۔

وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے چار سال پی ٹی آئی کی حکومت میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔ غوث بخش مہر کو کوئی شکایت ہے تو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ سے بات کرونگا۔