لاہور (92 نیوز) - پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوششیں تیز کردیں، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں ملکی یکجہتی کے فروغ کیلئے سیلاب متاثرین کیلئے میڈیکل ریلیف مشن بلوچستان اور سندھ روانہ کیا ہے جو ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، ادویات اور امدادی سامان پر مشتمل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سے سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری محمد افضل ساہی نے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور متاثرین سیلاب کی بحالی و آبادکاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام اور طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں میڈیکل ٹیمیں متاثرین سیلاب کے علاج معالجے کیلئے ہر وقت موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا مخیر حضرات وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں رقوم جمع کرا رہے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی بحالی میں حصہ لینے والے مخیر حضرات کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔ سیلاب زدگان کیلئے 9 ٹرک بھیجے گئے ہیں جن میں ادویات، راشن اور دیگر امدادی سامان شامل ہے۔