Friday, March 29, 2024

سیلاب متاثرین کی حالت قابل رحم ہے، وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ

سیلاب متاثرین کی حالت قابل رحم ہے، وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ
September 19, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ کا کہنا ہے سیلاب متاثرین کی حالت قابل رحم ہے، حکومت سیلاب متاثرین کی ہر طرح سے مدد کرے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ سے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نادرا ایسا نظام بنائے جس سے ہمارے متاثرین سیلاب کو سامان دینے اور لینے والے ریکارڈ ہو۔

اںہوں نے کہا کہ متاثرین کو جو سامان، نقد رقم اور دیگر مدد کرتے ہیں وہ شفاف ہونی چاہیے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ان کوکچھ نہیں ملا، انتظامیہ کہتی ہے انہوں نے سامان دیا ہے۔ ہم انتظامیہ اور متاثرین کی ہر قسم کی مدد کا ڈیٹا بنانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اے ٹی ایم کارڈ کے بجائے شناختی کارڈ پر ہی کیش ٹرانسفر ہوجائے۔

چیئرمین نادار نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ جیسا آپ چاہتے ہیں اسی طرح سے کام ہوجائے گا۔ سندھ حکومت کے لئے ڈیٹا بیس بنائینگے اور نادرا اپنے موبائل یونٹس امدادی کیمپوں کے قریب قائم کرئے گی۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ شناختی کارڈ پر بھی بینک اکاؤنٹ کھل جائے گا اور نقد رقم بھی منتقل ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے نظر اور سماعات سے محروم بچوں کے آئڈا ریو کالج میں اعلیٰ تعلیم کی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے کلاس روم میں خصوصی بچوں کی سرگرمیاں دیکھیں اور بات چیت کی۔ کہا کہ ان بچوں کی بہترین تعلیم ہی ان کی طاقت ہے۔ ایک بچے نے وزیراعلیٰ سندھ کا پنسل سے پورٹریٹ بنایا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بچے کو خوب داد دی۔