Friday, April 26, 2024

سیلاب متاثرین کی بحالی، پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 15 ٹن سے زائد امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا

سیلاب متاثرین کی بحالی، پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 15 ٹن سے زائد امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا
September 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام جاری ہے۔ پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے ایک دن میں 15 ٹن سے زائد امدادی سامان متاثرین تک پہنچایا۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے محصور افراد کو نکالنے کے لیے 584 پروازیں کیں۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 653 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا گیا ہے۔ ریلیف کیمپس اور امدادی اشیاء جمع کرنے کے پوائنٹس مکمل فعال ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ پاک بحریہ نے 11 خیمہ بستیاں قائم کیں، جہاں 20 ہزار 507 افراد رہائش پذیر ہیں۔ ملک بھر میں پاکستان نیوی کی 23 ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔

پاک فضائیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 103 افراد کو بچایا۔ 3 ہزار 273 ٹن راشن، 2 لاکھ 71 ہزار 843 لٹر پینے کا صاف پانی تقسیم کیا جبکہ 20 خیمہ بستیوں میں 19 ہزار 807 افراد رہائش پذیر ہیں۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں کل 12 ہزار 716 کلومیٹر سڑکیں اور 374 پل تباہ ہوئے۔ شدید متاثرہ اضلاع میں قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، دیر، سوات، چارسدہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور سمیت متعدد اضلاع شامل ہیں۔