Sunday, May 19, 2024

سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کیلئے تمام ڈی سیز کو نقد فنڈز جاری کئے جارہے ہیں، شرجیل میمن

سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کیلئے تمام ڈی سیز کو نقد فنڈز جاری کئے جارہے ہیں، شرجیل میمن
September 8, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کیلئے تمام ڈی سیز کو نقد فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں سیلاب کی صورتحال اور متاثرین کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا۔ محکمہ صحت، خوراک، زراعت، بحالی، لائیواسٹاک اور محکمہ آبپاشی میں کوآرڈینیشن سے کام کرنے کی حکمت عملی بنائی گئی۔

وزیراعلی نے کہا کہ محکمے متاثرین کی خوراک، ریسکیو، دیکھ بال اور صحت کا خیال رکھنے کےساتھ ساتھ نکاسی آب کے لئے ملکر کام کریں۔ تمام اداروں کو اپنا اپنا کام تیز کرنا ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹا اور نکلا جاسکے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پندرہ ستمبر سے پھر بارشوں کی پیشنگوئی ہے۔ تازہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی تیار رہنا ہو گا۔

وزیراطلاعات شرجیل  میمن نے اجلاس کے فیصلوں پرصحافیوں کو بریفنگ دی، کہا کہ  سندھ حکومت این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ملکر کام کر رہے ہیں۔ منچھر جھیل پرانڈس کی طرف ایل ایس ون پرکٹ لگانا پڑے گا۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متحد ہے سوائے ایک شخص کے۔ ایسے وقت میں کیا فرض ہے اس کو نہیں معلوم۔ دوسروں کےخلاف قانون فورا حرکت میں آتا ہے لیکن عمران نیازی آج تک لاڈلہ ہے۔ کسی نے اتنی ریڈ لائن کراس نہیں کی جتنی اس شخص نے کی ہے لیکن پھر بھی آزاد گھوم رہا ہے۔