Friday, April 19, 2024

سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد کو بچایا گیا

سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد کو بچایا گیا
September 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 34 افراد کو بچایا گیا۔

نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کاوشیں جاری ہیں۔ پاک آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے 34 محصور افراد کو نکالا۔ ہیلی کاپٹرز سے 16.4 ٹن امدادی سامان سیلاب متاثرین تک پہنچایا گیا۔ اب تک ہیلی کاپٹرز کے ذریعے 4 ہزار 604 سیلاب میں گھرے افراد کا انخلاء کیا گیا۔

این ایف آر سی سی کا کہنا ہے کہ اب تک 8 ہزار 499 ٹن اشیائے خورونوش، غذائی اشیاء اکٹھی کی جا چکی ہیں۔ 8 ہزار 219 ٹن خوراک، ایک ہزار 419 ٹن ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں۔ ملک بھر میں طبی امدادی کیمپس سیلاب متاثرین کو علاج فراہم کر رہے ہیں۔

پاک بحریہ نے سیلاب متاثرین کے لیے 4 فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سینٹرز، 18 مرکزی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔ 9 خیمہ بستیاں قائم کیں، جہاں 16 ہزار 31 افراد رہائش پذیر ہیں۔ پاک بحریہ کے زیر انتظام قائم 61 میڈیکل کیمپس میں 44 ہزار 874 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے 15 ہزار 174 محصور افراد کو بچایا۔

پاک فضائیہ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب متاثرہ علاقوں سے 97 افراد کو بچایا۔ 4 ہزار 848 خیمے، 3 لاکھ 36 ہزار 799 فوڈ پیکٹ تقسیم کیے۔ پاک فضائیہ نے قائم کردہ 45 طبی کیمپوں میں 55 ہزار 389 مریضوں کا علاج کیا۔