Saturday, July 27, 2024

سیلاب کی صورتحال، اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کردیا

سیلاب کی صورتحال، اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کردیا
October 4, 2022 ویب ڈیسک

جنیوا (92 نیوز) - سیلاب کی صورتحال، اقوام متحدہ نے پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کر دیا۔ 

پاکستان کیلئے انسانی امداد کی اپیل میں 5 گنا اضافہ کردیا گیا، اقوام متحدہ نے امداد کی اپیل 16 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کردی ہے، امداد میں اضافے کی اپیل جینوا میں اقوام متحدہ اور پاکستان کی جانب سے مشترکہ طور پر کی جائے گی۔

پاکستان کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار جولین ہارنیس کا میڈیا بریفنگ میں کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے، متاثرہ افراد موت اور تباہی کی دوسری لہر میں داخل ہو رہا ہے، بدترین سیلاب کے بعد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نبرد آزما ہے۔

جولین ہارنیس نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں پچاس لاکھ سے زائد افراد خوراک کے شدید بحران کا سامنا کر رہے، متاثرہ علاقوں میں صحت، غذا، پانی اور صفائی کے کاموں میں جلد حکومت پاکستان کی مدد نہ کی گئی تو بچوں کی بیماریوں میں خوفناک اضافہ ہوگا، سندھ اور بلوچستان میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں تشویشناک ہیں۔