Wednesday, April 24, 2024

سیہون شریف میں زائرین کی وین کو حادثہ، بیس افراد جاں بحق

سیہون شریف میں زائرین کی وین کو حادثہ، بیس افراد جاں بحق
November 18, 2022 ویب ڈیسک

سیہون شریف (92 نیوز) - سیہون شریف میں زائرین کی وین کو حادثہ پیش آیا جس میں بیس افراد جاں بحق اور تیرہ زخمی ہو گئے۔

اندوہناک حادثہ انڈس ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کے مطابق سیلاب کے دوران سڑک کو لگائے گئے کٹ کے باعث وین گڑھے میں جا گری۔ جاں بحق افراد میں آٹھ خواتین، چھ بچیاں اور چھ بچے شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سید عبداللہ شاہ انسٹیٹوٹ منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق پانی سے بیس لاشیں نکال کر سید عبداللہ شاہ میڈیکل انسٹیٹیوٹ سیہون شریف منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین الدین صدیقی نے بتایا ہے کہ جاںبحق افراد میں بارہ بچے  بچیاں  اور  آٹھ خواتین شامل  جبکہ زخمیوں میں سے پانچ افراد کی حالت  تشویشناک ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا  نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا  کہنا ہے جو ذمہ دار  ہوگا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

افسوسنال واقعہ میں سابق صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین  پی پی پی بلاول بھٹو زرداری ،گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب  نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے جبکہ  صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن  کا کہنا ہے کے واقعہ کے بعد سیہون انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔