Thursday, April 25, 2024

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ

سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ، پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ
May 14, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) - سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ میں پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ آپریشن کیا۔ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی گئی ،لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی ہوئی۔

سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراونڈ میں بغیر اجازت جلسے کی تیاریاں کرنے پر پولیس نے عثمان ڈار، عمر ڈار، صاحبزادہ حامد رضا، سعید بھلی ودیگر مقامی قیادت سمیت متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا۔ الصبح پولیس کی بھاری نفری سی ٹی آئی گروانڈ پہنچی اور پنڈال اور اسٹیج پر دھاوا بول دیا۔

پولیس نے اسٹیج  سمیت دیگر تنصیبات اکھاڑ ڈالیں جبکہ کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا۔

92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ہم پر امن جلسے کر رہے تھے لیکن موجودہ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔

ایم ایل اے آزاد جموں کشمیر صاحبزاد حامد رضا کہتے ہیں ہم ایک پرامن جلسہ کرنے جا رہے تھے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

پارٹی رہنماوں کی گرفتاریوں کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کا کچہری چوک میں احتجاج جاری ہے کہتے ہیں جلسہ ضرور ہو گا اور پارٹی رہنماوں کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔

ادھر ڈپٹی کمشنر عمران قریشی کا کہنا ہے تحریک انصاف کی قیادت کو  متبادل جگہ کے انتخاب کا کہا تھا۔ ابھی بھی کسی دوسری جگہ جلسہ کرنے کا کہے تو ہم بھر پور معاونت کرینگے۔