Tuesday, April 23, 2024

سیالکوٹ کے وی آئی پی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کا پاورشو، کئی شہروں سے کارکنوں کی آمد

سیالکوٹ کے وی آئی پی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کا پاورشو، کئی شہروں سے کارکنوں کی آمد
May 14, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) - سیالکوٹ کے وی آئی پی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کا پاورشو، مسیحی برادرای کے احتجاج پر مقامی انتظامیہ نے سٹی گراؤنڈ میں میدان نہ لگنے دیا۔

پی ٹی آئی کے سیالکوٹ جلسے میں دن بھر رکاوٹیں حائل رہیں، مسیحی برادری کے احتجاج پرسٹی گراؤنڈ میں پولیس ایکشن ہوا تو پی ٹی آئی نے وی آئی پی گراؤنڈ میں میدان لگانا پڑا۔

ضلعی انتظامیہ نے جلسے سے قبل مین روڈ لاری اڈا کے مقام پر جلسہ گاہ کو جانے والا راستہ کینٹینرز لگا کر بند کردیا۔ راستے بند ہونے سے شہریوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے پہلے صبح کے وقت سٹی گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات پر پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج، شیلنگ کی اور مقامی قیادت کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کی بھاری نفری نےسٹی گراؤنڈ میں پنڈال اور اسٹیج پر دھاوا بول دیا، اسٹیج سمیت دیگر تنصیبات اُکھاڑ ڈالیں۔ پولیس ایکشن کے بعد تحریک انصاف کی قیادت سیالکوٹ پہنچی۔

پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود نے جلسے کے مقام کی تبدیلی کااعلان کرتے ہوئے وی آئی پی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا۔

وی آئی پی گراؤنڈ میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شفقت محمود اور دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے جلسے میں رکاوٹوں کے باجود دیگر شہروں سے تحریک انصاف کے کارکن پہنچے۔