Tuesday, April 16, 2024

بگڑا ہوا بچہ ریاست پر پوری طاقت سے حملہ آور ہے، مریم نواز

بگڑا ہوا بچہ ریاست پر پوری طاقت سے حملہ آور ہے، مریم نواز
March 17, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - مسلم لیگ نون کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کہتی ہیں کہ سیاستدان اپنے کاز کیلئے پھانسی کا پھندا بھی قبول کرتے ہیں لیکن عمران خان گرفتاری سے بچنے کیلئے ریاست پر حملہ آور ہے۔

جمعہ کے روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے زمان پارک کے باہر سے ریاست کے خلاف کھلم کھلا بغاوت کے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں ،عمران خان نے ریاستی رٹ کو چیلنج کر رکھا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ زمان پارک میں بھی وہی کچھ ہورہا ہے جو کچے کے علاقے میں ہورہا ہے، زمان پارک کے باہر ریاست کے خلاف کھلم کھلا بغاوت کی گئی۔ پنجاب پولیس پر حملہ کیا گیا، یہ ریاست کے خلاف بغاوت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے ایسی حرکتیں 2014 ء سے ہو رہی ہیں۔ ان لوگوں نے سپریم کورٹ کے باہر گندے کپڑے لٹکائے ، کسی کو بھی گرفتارکرنا حکومت کیلئے 5 منٹ کی بات ہے لیکن حکومت نہیں چاہتی خون خرابہ ہو۔

سینئر نائب صدر نون لیگ بولیں کہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا بیان عمران خان کے حق میں آیا۔ وہ پوری ریاست پر حملہ آور ہے۔ کہاں سے آئی وہ ٹیکنالوجی سے پٹرول بم بنتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس 18 مارچ تک کوئی ضمانت نہیں ہے، فارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ ایک صوبے کو دوسرے صوبے سے لڑانے کی سازش کی جارہی ہے، آج بھی سہولت کاروں کی باقیات موجود ہیں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ توشہ خانہ جھوٹ ہے تو عمران خان عدالت جاکر بتائیں۔ عمران خان سے عدالت پیش ہونے کی انڈر ٹیکنگ لی جائے۔ صرف ایک شخص کو بچانے کے لیے قانون سے کھیلا جارہا ہے۔ عمران خان بھاگتے ہیں تو انہیں پکڑ کر عدالت پیش کیا جائے۔ عمران خان کے ساتھ سیاستدان والا سلوک کیا تو سمجھو پاکستان ختم، حکومت ان سے ایسا برتاؤ کرے جیسا دہشت گرد سے کیا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کیساتھ ایسے ڈیل کیا جائے جیسے کالعدم تنظیم کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

سینئر نائب صدر نون لیگ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ زمان پارک میں دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں، میں نے تصاویر دیکھی ہیں۔ عمران خان کہتا ہے کہ جو حملہ کرے گا اس کو پارٹی ٹکٹ ملے گا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے اور الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔