Friday, April 19, 2024

سیاست اور گورننس کا بحران ہے، پاکستان اس وقت عمران خان کے پیچھے کھڑا ہے، فواد چودھری

سیاست اور گورننس کا بحران ہے، پاکستان اس وقت عمران خان کے پیچھے کھڑا ہے، فواد چودھری
May 14, 2022 ویب ڈیسک

سیالکوٹ (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری کہتے ہیں ملک میں سیاست اور گورننس کا بحران ہے، پاکستان اس وقت عمران خان کے پیچھے کھڑا ہے۔

ہفتہ کے روز نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسوں اور چند لوگوں کی گرفتاریوں سے تحریک نہیں رکے گی۔ مریم نواز نے ڈی پی او کو ٹویٹ کیا اور کہا ہے کہ ’’ ویل ڈن ‘‘ اور کال کرکے شاباش دی۔ سیالکوٹ میں جو ہوا کیا کبھی جلسوں کو ایسے روکا جا سکتا ہے؟

فواد چودھری بولے کہ عوام امپورٹڈ حکومت کے خلاف بغاوت کرچکے، الیکشن کا اعلان کریں۔ پورا پاکستان ایک تحریک کیلئے تیار ہو چکا ہے، ، جتنے بڑے ڈاکو مسلط کئے گئے وہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت 2 وزیراعظم اور 2 وزیر خارجہ ہیں، ساری وفاقی حکومت لندن میں براجمان ہے، اسٹاک مارکیٹ 1500 پوائنٹس تک گر چکی، 9 دن میں ڈالر 15 روپے بڑھ گیا، ڈالر کو ڈیل کرنے کیلئے گورنر اسٹیٹ بینک ہی نہیں۔ ان لوگوں نے آتے ہی مہنگے ترین ایل این جی سودے کر لیے۔

فواد چودھری مزید بولے کہ ہماری حکومت آئی تو دنیا کے تمام ممالک نے ہمیں سپورٹ دی، عوام عمران خان کے پیچھے کھڑے ہیں، ایسی بے شرم حکومت کبھی زندگی میں نہیں دیکھی، مس انفارمیشن غصے میں تقریریں نہ کیا کریں، ان کی تھرڈ کلاس سیاست ہے کہ آپ لوگوں کو لڑائیں۔

ادھر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بولے ن لیگ کا ایک ایک وزیر جلدی میں ہے کہ مال سمیٹے اور یہاں سے نکلے، جعلی باپ اور بیٹا ایکٹنگ کررہے ہیں، دونوں جیل میں جائیں گے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان بردباری کے ساتھ عوام کے غصے کو کنٹرول کر رہے ہیں، جن لوگوں نے ایڈونچر کیا انہیں احساس ہو گیا، کہ غلط ایڈونچر ہو گیا۔ آئندہ کسی کارکن کو کچھ ہوا تو شہر شہر احتجاج ہو گا۔