لاہور (92 نیوز) - ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر سی ٹی ڈی متحرک ہوگئی، لاہور، سرگودھا، ملتان سمیت دیگر اضلاع میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے آٹھ دہشت گرد گرفتار کرلیے۔
سی ٹی ڈی نے گزشتہ رات لاہور، سرگودھا، ملتان سمیت پانچ اضلاع میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گرینڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی اور داعش کے 8 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں میں مسعود الرحمان، سبحان اللہ، ساجد علی، عزیز خان، شاہد اعجاز، شرافت اللہ شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران خودکش جیکٹ، بارودی مواد، اسلحہ، گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سات مقدمات درج کر لیے گئے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔