Thursday, April 18, 2024

عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے مشروط کردی

عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے مشروط کردی
October 4, 2016
  اسلام آباد (92نیوز)عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو  نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے مشروط کردیا۔ جنوبی پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف  کی زیرصدارت اجلاس میں چاروں وزرائے اعلٰیٰ اور عسکری قیادت نے ملکی کی داخلی وخارجی صورتحال کا جائزہ لیا۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے تحفظات اور مطالبات بھی پیش کیے گئے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو  نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے مشروط کردیا اور  کہا ہے کہ ایکشن پلان پر عملدر آمد تیزکیا جائے ۔ عسکری قیادت کے اصرار پر ہی اہداف کو مخصوص وقت میں حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے نام بدل کر کام کرنے پر تشویش کا اظہارکیا اور مطالبہ کیا گیا کہ حکومت پنجاب کالعدم تنظیموں کےخلاف سخت کارروائی کرےاور آپریشن  کو تیز کیاجائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ وفاق کو بھیجیں گے۔ہفتہ وار رپورٹ کی روشنی میں کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔   مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کو رپورٹس کا تقابلی جائزہ کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔مشیر قومی سلامتی وزیراعظم کو رپورٹ پیش کیا کریں گے۔