Tuesday, January 31, 2023

سٹیٹ بینک نے کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی

سٹیٹ بینک نے کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے مخصوص درآمدی سامان کی پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی
January 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (اے پی پی) - سٹیٹ بینک نے کاروباری اداروں کی سہولت کے لیے مخصوص درآمدی سامان (ایچ ایس کوڈ چیپٹرز 84، 85 میں آنے والی اشیا اور ایچ ایس کوڈ چیپٹر 87 کے تحت بعض اشیا) کی پیشگی منظوری کی شرط واپس لے لی اور بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ خوراک،ادویات ، توانائی وغیرہ جیسی ضروری اشیا کی درآمد کو ترجیح دیں۔

ترجمان سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مختلف تجارتی تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس سمیت کاروباری برادری نے یہ بات اجاگر کی ہے کہ درآمدی اشیا لے کر آنے والے شپنگ کنٹینرز کی بڑی تعداد بندرگاہوں پر پھنسی ہوئی ہے کیونکہ بینکوں کی جانب سے شپنگ کی دستاویزات جاری کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے تمام درآمدکنندگان کو ایک بار سہولت فراہم کریں جو یا تو اپنی ادائیگی کی میعاد کو 180 دن (یا اس سے زائد) تک توسیع دے سکتے ہوں یا جو اپنی زیر التوا درآمدی ادائیگیوں کے تصفیے کے لیے بیرون ملک سے رقوم کا بندوبست کر سکیں، اس لیے بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 31 مارچ 2023 تک ان شپمنٹس /اشیا کی دستاویزات کو پروسیس کرکے جاری کریں جو پاکستا نی بندرگاہ پر آ چکی ہوں یا 18 جنوری 2023 کو یا اس سے قبل روانہ ہو چکی ہوں۔

مزید برآںبینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے صارفین کے علم میں یہ بات لائیں کہ وہ مستقبل میں کسی زحمت سے بچنے کے لیے کوئی بھی درآمدی لین دین شروع کرنے سے پہلے اپنے بینک کو اس سے آگاہ کریں۔