Wednesday, September 28, 2022

سٹیٹ بینک نے 10روپے کا سکہ جاری کر دیا

سٹیٹ بینک نے 10روپے کا سکہ جاری کر دیا
کراچی (92نیوز) سکے کا قطر 25.5 ملی میٹر ہے اور وزن 5.50 گرام ہے۔  تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کا سکہ جاری کر دیا ہے۔ یہ سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا گیا ہے۔ سکہ پیلے رنگ کا اور گول ہے اور کنارے پر دندانے ہیں۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سکے کا سال اجرا درج ہے۔ سکے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔ سکے کے پچھلے رخ پر وسط میں فیصل مسجد کی سامنے سے لی گئی تصویر ہے جس پر فاختائیں اڑتی نظر آ رہی ہیں۔ سکے کے نچلی طرف اس کی عرفی مالیت جلی اعداد میں ”10“ اور اردو میں ”روپیہ“ کندہ ہے۔ سکے کے پورے کنارے پر چھوٹے موتیوں کا دائرہ ہے۔