Saturday, May 18, 2024

سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت لیا

سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت لیا
September 11, 2022 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) - سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیت لیا۔ ایک سو اکہتر رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم ایک سو سینتالیس پر ہمت ہار گئی۔

متحدہ عرب امارات میں ہونیوالے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی اورز میں تو درست نظر آیا اور 58 کے مجموعی اسکور پر آدھی سری لنکن ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

سری لنکا کو مزید تباہی سے بچانے کیلئے بھانوکا راجاپکسا نے چارج سنبھالا اور شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر170 رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔ راجاپکسا 45 گیندوں پر 71 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

بابراعظم، محمد رضوان کے ساتھ ہدف کے تعاقب کیلئے میدان میں اترے مگر شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اترے اور چھے گیندوں پر پانچ رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

بابر کے بعد فخر زمان بھی پویلین لوٹنے کیلئے بے چین دکھائی دیئے اور پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔

محمد رضوان اور افتخار نے کچھ دیر ٹیم کو سنبھالا دیا مگر افتخار ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری پر کیچ پکڑوا بیٹھے۔

محمد نواز، خوشدل شاہ، شاداب خان اور امیدوں کے محور محمد آصف بھی مکمل فلاپ رہے۔

پاکستان کے مقابلے میں سری لنکن ٹیم نے میچ پر کنٹرول رکھا۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں بہترین حکمت عملی مظاہرہ کیا جبکہ قومی ٹیم نے دو اہم کیچز ڈراپ کر کے سری لنکا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

سری لنکا پاکستان کو شکست دے کر چھٹی بار ایشین چیمپئن بنا ہے جبکہ سری لنکا نے پاکستان کو تیسری بار ایشیا کپ کے فائنل میں ہرایا ہے۔ سری لنکن ٹیم اس سے قبل 1986 اور 2014 میں بھی پاکستان کو فائنل میں ہرا چکی ہے۔