Thursday, March 28, 2024

سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں کے باعث ایمرجنسی نافذ

سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں کے باعث ایمرجنسی نافذ
April 3, 2022 ویب ڈیسک

کولمبو (92 نیوز) - سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں کے باعث ایمرجنسی نافذ کردی گئی، کولمبو میں فوج تعینات کردی گئی جبکہ وارنٹ کے بغیر مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اجازت بھی دے دی گئی۔

سری لنکا میں معاشی بحران پُرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوگیا، گزشتہ 6 ماہ میں افراطِ زر کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ سنگین اقتصادی بحران کے باعث حکومت کے خلاف جاری مظاہرے روکنے کیلئے گزشتہ رات سے ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔

سری لنکا میں سنگین اقتصادی بحران کے باعث دواؤں، ایندھن اور کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہوگئی ،مظاہرین اقتصادی بحران پر سری لنکن صدر گوتابایا راجاپاکسے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 53 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا جن میں کچھ میڈیا کے نمائندگان بھی شامل ہیں۔

ملک میں پُرتشدد احتجاج کے باعث ایمرجنسی کے بعد فوج کو تعینات کردیا گیا ہے جسے بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے اختیارات بھی سونپ دیئے گئے ہیں۔