Tuesday, April 16, 2024

سری لنکا میں ایندھن کا شدید بحران، سرکاری ملازمین اور تعلیمی اداروں کو چھٹیاں دیدی گئیں

سری لنکا میں ایندھن کا شدید بحران، سرکاری ملازمین اور تعلیمی اداروں کو چھٹیاں دیدی گئیں
June 18, 2022 ویب ڈیسک

کولمبو (92 نیوز) - سری لنکا میں ایندھن کا بحران شدید ہوگیا، پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کے بعد سرکاری ملازمین اور تعلیمی اداروں کو 2 ہفتے کی چھٹیاں دے دی گئیں۔

دیوالیہ ہونے والے سری لنکا میں صورتحال مزید خراب ہوگئی، توانائی کا بحران شدید ہوگیا۔ ایندھن نہ ملنے سے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہوگئی، سرکاری ملازمین اور تعلیمی اداروں میں دو ہفتے کی چھٹیاں دے دی گئیں۔ ملازمین کو گھر سے ذمہ داریاں نبھانے کا حکم دیدیا گیا۔

ہفتے میں 2 دن ملنے والا پٹرول بھی بند کردیا گیا، حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث تمام محکموں کو صرف انتہائی اہم خدمات جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تعداد میں کمی اور ورک فراہم ہوم کا نظام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈالر نہ ہونے پر سری لنکن حکومت بروقت فیول امپورٹ نہ کرسکی جس کی وجہ سے توانائی کے بحران نے سر اٹھایا۔ حکومت بحران سے نمٹنے کیلئے جمعہ کی عام تعطیل کا اعلان کرچکی ہے، جس کا مقصد سرکاری ملازمین کو گھروں، پارکوں اور دیگر مقامات پر باغبانی کی ترغیب دلانا ہے تاکہ خوراک کے بحران سے بچ سکیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں پانچ میں سے چار افراد کو پیٹ بھر کھانا دستیاب نہیں۔ اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے پسماندہ علاقوں میں تقریباً 2000 حاملہ خواتین میں فوڈ واؤچرز تقسیم کئے گئے۔