Thursday, April 25, 2024

سری لنکا دیوالیہ ہوگیا، فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا

سری لنکا دیوالیہ ہوگیا، فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا
April 12, 2022 ویب ڈیسک

کولمبو (92 نیوز) - سری لنکا دیوالیہ ہوگیا، حکومتی اعلان کے بعد فوج نے ملک کا کنٹرول سنبھال لیا۔

سری لنکا میں معاشی بحران سنگین ہوگیا، شہری سڑکوں پر نکل آئے، پرتشدد مظاہروں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، حکومت نے فوج کو بغیر کسی وارنٹ گرفتاری کے اختیارات بھی دے دیئے۔

سری لنکا نے اپنے تمام بیرونی قرضوں سے نادہندہ ہونے کا اعلان کردیا۔ سری لنکن حکومت کے پاس تیل کی درآمد کے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران تھا، جس کی وجہ سے ملک کو بجلی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرونی قرض اور ٹیکس سے متعلق حکومتی اقدامات معاشی بحران کی وجہ بنے۔

سری لنکا میں چینی کی قیمت 290 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ چاول 500 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ یہی نہیں پاوڈر دودھ کا 400 گرام والا پیکٹ 790 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔