کراچی (92 نیوز) - سردی آتے ہی گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہر شہر گھریلو صارفین پریشان ہیں، تجارتی شہر کراچی میں گیس کی فراہمی شدید متاثر ہوگئی۔
صنعتی سیکٹر کو گیس کی فراہمی بند ہونے کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس نہیں مل رہی، پریشر نہ ہونے سے خواتین کیلئے ناشتہ بنانا محال ہوگیا۔
کراچی کے علاقوں ناظم آباد، سرجانی، ملیر، شاہ فیصل و دیگر علاقوں میں گھروں میں چولہا جلانا بھی مشکل ہوگیا۔ دوسری جانب سوئی سدرن نے طلب و رسد کا فرق بڑھنے پر آج سے ملک بھر کی کیپٹو انڈسٹریز کو گیس کی فراہمی بند کردی۔
ادھر دوسری جانب سندھ حکومت نے گیس بحران کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو قرار دیدیا۔ گیس بندش کے معاملے پر سندھ حکومت نے عدالت سے رجوع کرنے پر غور شروع کردیا۔ صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کہتے ہیں گیس بندش کے معاملے پر آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ عمران خان دور کی طرح آج بھی سندھ کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔ وفاقی حکومت کے پاس گیس بحران کا کوئی حل نہیں، معاملہ وزیراعظم کے سامنے اُٹھایا جائے گا۔