سراج الحق کی عمران خان کی عیادت کیلئے زمان پارک آمد، خیریت دریافت کی
لاہور (92 نیوز) - امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی عمران خان کی عیادت کیلئے زمان پارک آمد ہوئی۔ انہوں نے عمران خان کی خیریت دریافت کی۔
ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں سراج الحق نے متناسب نمائندگی کی تجویز دے دی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا متناسب نمائندگی سے الیکٹورل معاملات کو شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے امیر جماعت اسلامی کی پیش کردہ تجویز پارٹی اجلاس میں رکھنے پر اتفاق کر لیا۔
سراج الحق نے کہا اسٹیبلشمنٹ اگر نیوٹرل ہے تو سیاسی جماعتوں کو اس حوالے سے طریق کار طے کرنا چاہئے ۔ عمران خان نے نواز شریف کی بے وفائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا وہ ماضی میں الیکشن کا بائیکاٹ کر کے دوبارہ الیکشن میں آ گئے۔ اس دوران سراج الحق کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور سیاسی مہم آئین اور قانون کے مطابق جائز ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا سیاست دانوں کے آپسی جھگڑوں سے معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ آئندہ الیکشن سے قبل الیکشن ریفارمز ہونی چاہئیں جس پر سب کا اتفاق رائے ضروری ہو۔
جماعت اسلامی کے وفد نے عمران خان سمیت حملے میں زخمی ہونے والے کارکنان کی شفایابی کیلئے دعا کی۔ ملاقات میں مرکزی نائب صدر تحریک انصاف سینیٹر اعجاز چودھری، سندھ کے صدر علی حیدر زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔