Wednesday, February 21, 2024

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کی الوداعی ملاقات

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کی الوداعی ملاقات
January 13, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد۔(اے پی پی) - سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان سے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر نونگ رونگ نے جمعہ کو الوداعی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر سپیکر نے بات چیت کرتے ہوئے پاک-چین تعلقات کو نئی جہتوں تک پہنچانے میں چین کے سفیر نونگ رونگ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاک-چین دوستی پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے جو ہمیشہ ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔

چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔ چین-پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ چین کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے تحفہ ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب کے دوران ریلیف اور بحالی کے لیے چین نے بڑھ چڑھ حصہ لیا ہے ۔پاکستانی قوم اس فراخدلانہ امداد پر چین کی عوام اور حکومت کی مشکور ہے۔

چینی سفیر نونگ رونگ نے سپیکر قومی اسمبلی کے تاثرات کو سراہا اور کہا کہ چین کی حکومت اور عوام کو بھی پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔چین پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ علاقائی اور عالمی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی ہے۔چین کے عوام پاکستان کی عوام کے ساتھ ملکر علاقائی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔