Saturday, May 4, 2024

سپریم کورٹ، قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے سے متعلق درخواست مسترد

سپریم کورٹ، قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانے سے متعلق درخواست مسترد
February 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے قومی وصوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں بڑھانےسے متعلق درخواست مسترد کردی۔ 

قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتی سیٹوں کی تعداد بڑھانے سے متعلق درخواست پر سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ آبادی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا، آبادی بڑھنے کے بعد اقلیتی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا پارلیمنٹ کو حکم دیا جائے۔

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اقلیتی نشستوں کی تعداد بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم درکار ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے پاس پارلیمنٹ کو آئینی ترمیم کا حکم دینے کا اختیار نہیں۔ کیسے کہہ دیں کہ پارلیمان اقلیتی نشستوں کو بڑھا دیں۔