Saturday, May 18, 2024

سپریم کورٹ، قومی ائیرلائن کی 80 پائلٹس سمیت 250 بھرتیوں کی اجازت دینے کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ، قومی ائیرلائن کی 80 پائلٹس سمیت 250 بھرتیوں کی اجازت دینے کی استدعا مسترد
December 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے قومی ائیرلائن کی 80 پائلٹس سمیت 250 بھرتیوں کی اجازت دینے کی استدعا مسترد کردی۔

دوران سماعت پی آئی اے کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی آئی اے پانچ نئے جہاز خریدنا چاہ رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے 2018 میں بھرتیوں پر پابندی عائد کی تھی۔ سال 2019 میں حج آپریشن کیلئے بھرتیوں کی اجازت دی گئی تھی۔ عدالتی احکامات کے باعث ازخود بھرتیاں نہیں کر سکتے۔

جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی نے ریمارکس دئیے کہ یورپ امریکا اور کینیڈا سمیت تمام روٹ تو پی آئی اے کے بند ہوچکے۔ ڈومیسٹک فلائیٹ کیلئے پی آئی اے میں کوئی بیٹھنا نہیں چاہتا۔

پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر نے بتایا کہ مجموعی طور پر 370 پائلٹ تھے 34 استعفے دے چکے ہیں۔ پی آئی اے نے 11 ماہ میں 154 ارب روپے کمائے۔ موجودہ آپریشنز کے تمام اخراجات خود برداشت کر رہے ہیں۔ پی آئی اے کے پاس 20 جہاز اپنے جبکہ دس لیز پر ہیں۔ پی آئی اے کے 7 جہاز بین الاقوامی آپریشنز میں حصہ لیتے ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ فنانشل آفیسر صاحب نے تو خوبصورت تصویر کشی کی ہے لیکن حقائق ایسے نہیں۔مشکل سے ادارہ اپنا خرچہ پورا کر رہا ہے، جہازوں کے پیسے کہاں سے دیگا؟ ایسا نہ ہو پی آئی اے جہازوں کی قسطیں اور تنخواہوں کیلئے حکومت سے گرانٹ مانگ رہا ہو۔ 6 ہزار ملازمین کم کیے اب بھرتیاں کرکے دوبارہ حالات وہیں لے جا رہے ہیں۔

عدالت نے نئے جہازوں کیلئے روٹس اور ادائیگی کی تفصیلات بھی طلب کرتے ہوئے سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔