Friday, September 20, 2024

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی
August 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ سپریم کورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد سماعت کرے گی۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، سابق وزیراعظم کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچیں، وکیل لطیف کھوسہ روسٹرم پر آئے اور بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل مکمل کر کے آیا، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی سانس بھی پھول رہی ہے، ہائیکورٹ اس مسئلہ کو دیکھ رہی ہے، ہائیکورٹ کا کیس کو سننا ہمارے نظام کی خوبصورتی ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے دیں، دیکھیں ہائیکورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، ممکن ہے ریلیف دے دے۔

عدالتی استفسار پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہائیکورٹ کے سامنے تمام حقائق رکھے، چیف جسٹس نے کہا کہ پہلے آپ کو کوئی سن نہیں رہا تھا اب سن رہے ہیں؟ جسٹس مظاہر علی اکبر نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ کے کیس کا کیا فیصلہ ہو گا؟ لطیف کھوسہ نے کہا کہ بطور وکیل پیشن گوئی نہیں کرسکتا، جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی عزت ہماری عزت ہے، ہم نے اس ادارے کو مضبوط کرنا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوگ میڈیا ہر باتیں کرتے ہیں ججز پر تنقید کرتے ہیں،عدلیہ انصاف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل سے متعلق سرکاری طور پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔ دوسری جانب ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کیس میں اپنا موقف پیش کرنے کے لئے الیکشن کمیشن نے ایڈووکیٹ عرفان قادر اور اشتر اوصاف پر مشتمل اپنی لیگل ٹٰیم تشکیل دے دی۔