Monday, September 16, 2024

سپریم کورٹ نے نیب ترامیم سے مستفید افراد کی نئی فہرست طلب کر لی

سپریم کورٹ نے نیب ترامیم سے مستفید افراد کی نئی فہرست طلب کر لی
August 30, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نیب ترامیم کے بعد کن افراد کے ریفرنس واپس ہوئے؟ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم سے مستفید افراد کی نئی فہرست طلب کر لی۔

دوران سماعت ایک بار پھر گڈ ٹو سی یو کا ذکرچل نکلا، چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے گڈ ٹو سی یو کہا تو اٹارنی جنرل نے کہا کہ میرے حوالے سے خبر میں کہا گیا کہ میں نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں خامیوں کو تسلیم کیا ہے۔

چیف جسٹس عمرعطا بندیال کا کہنا تھا کہ یہ توعدالتی حکم کا حصہ ہے۔ اٹارنی جنرل بولے میں نے کہا تھا ایکٹ اوورلیپ کرتے ہیں۔ پارلیمان ریویو ایکٹ پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی منتظر تھی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ ترامیم بہت ذہانت کے ساتھ کی گئیں۔ اٹارنی جنرل صاحب آپ نے تو تسلیم کیا قوانین میں مطابقت نہیں۔ ہم آپ کی ہر بات مانیں گے مگر یہ بات تسلیم نہیں کریں گے۔ موجودہ کیس میں اہم نکتہ یہ ہے کہ پورے قانون کو بے ترتیب کردیا گیا۔ احتساب جمہوری عمل کی بنیاد ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 5 سال کے بعد ووٹ ہونا بھی احتساب کا عمل ہے۔ ترامیم کے ذریعے شواہد کے عمل کو بہت مشکل بنا دیا گیا، ترامیم سے ختم ہونے والے جرائم دوسرے قوانین میں آج بھی جرائم ہیں۔ سیکڑوں گواہوں کی وجہ سے نیب مقدمات کئی کئی سال چلتے رہتے ہیں۔ عدالت کو مطمئن کریں کہ کوئی جرم ختم نہیں کیا۔ اپیل کا حق، ضمانت، ریمانڈ والی اچھی ترامیم ہیں، کرپشن سے آپ کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے معاملہ انتخابات کے بعد آنے والی نئی پارلیمنٹ کو بھجوانے کا عندیہ دے دیا۔ عدالت نے وکیل مخدوم علی خان کو نیب ترامیم کے ماضی سے اطلاق پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔