Saturday, May 4, 2024

سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کی سماعت، 9 رکنی بینچ سے4 ججز نے خود کوالگ کرلیا

سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس کی سماعت، 9 رکنی بینچ سے4 ججز نے خود کوالگ کرلیا
February 27, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے ازخود نوٹس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے نو رکنی بینچ میں شامل چار ججز نے خود کو بینچ سے الگ کرلیا ہے۔

جسٹس اعجاز االاحسن، جسٹس مظاہر علی نقوی، جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس اطہر من اللہ نو رکنی بینچ سے الگ ہونیوالوں میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ چار معزز ممبرز نے خود کو بینچ سے الگ کر لیا ہے، عدالت کا باقی بینچ مقدمہ سنتا رہے گا، آئین کی تشریح کیلئے عدالت سماعت جاری رکھے گی، آئین کیا کہتا ہے اس کا دارومدار تشریح پر ہے، کل ساڑھے 9 بجے سماعت شروع کرکے ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک حکمنامہ ویب سائٹ پر نہ آجائے جاری نہیں کرسکتے نوٹ حکمنامہ سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر آگیا ہے۔ مستقبل میں احتیاط کریں گے کہ ایسا واقعہ نہ ہو،جسٹس یحیی آفریدی  نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ عام انتخابات کا معاملہ پشاور اور لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ کی رائے ہائی کورٹس کے فیصلے پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے کہا آئین میں کوئی شق نہیں جو انتخابات میں 90 دن سے تاخیر کو جسٹفائی کرے، کیا کوئی انتخابات میں تاخیر کر سکتا ہے؟

وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا انتخابات میں کوئی بھی تاخیر نہیں کر سکتا، انتخابات کی تاریخ کو لیکر ٹیبل ٹینس کھیلا جا رہا ہے، انٹراکورٹ اپیل میں کوئی حکم امتناع نہیں دیا گیا، آئین کے مطابق الیکشن کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، توہین عدالت کی درخواست بھی دائر ہوچکی ہے۔