Thursday, April 25, 2024

سپریم کورٹ: عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت

سپریم کورٹ: عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت
January 3, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھے۔

عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ عمران خان اور فواد چودھری کے وکیل سید علی بخاری نے کمیشن کو بتایا کہ فواد چودھری کی والدہ لاہور میں بیمار ہیں، عمران خان کو ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ ممبر نثار درانی بولے کیا عمران خان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرایا گیا۔ 7 ستمبر سے یہ کیس زیر سماعت ہے۔ ابھی تک نوٹس کے جواب تک نہیں جمع کرائے گئے۔

اسد عمر کے وکیل انور منصور نے کمیشن کو بتایا کہ اسد عمر فلائیٹ مس ہونے کے باعث اسلام آباد نہیں پہنچ سکے۔ توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس پر اعتراضات دائر کیے ہیں۔ سپریم کورٹ نے کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ ممبر نثار درانی نے کہا کیا آپ شوکاز نوٹسز کا جواب نہیں دینا چاہتے؟ تاریخ تاریخ کھیلنے سے تو معاملہ حل نہیں ہوگا جس پر وکیل انور منصور نے کمیشن کو آئندہ سماعت سے قبل شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی یقین دہانی کرادی۔

ممبر نثار درانی نے کہا کہ عمران خان اور فواد چودھری کو پہلے بھی توہین کمیشن کے نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ ممبر اکرام اللہ خان نے کہا عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں۔ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ ممبر نثار درانی کہنے لگے کہ وارنٹ جاری کرنے کے معاملے پر آرڈر جاری کرینگے۔