کراچی (92 نیوز) - وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سپریم کورٹ عمران خان کی غیرآئینی باتوں پر ازخود نوٹس لے، آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہئے۔
سوموار کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سابق وزیراعظم پوری دنیا میں پاکستان کا نام خراب کر رہا ہے، آج اس شخص کو دنیا گھڑی چور کے نام سے جانتی ہے۔ خانہ کعبہ کی تصویروالی گھڑی کو بیچ دینا ڈوب مرنے کا مقام ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، کھلے عام اداروں کو غیر آئینی کام کرنے کا کہہ رہا ہے۔ چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ اسکی غیر آئینی بات کا فی الفور نوٹس لیا جائے، آرٹیکل چھ کے تحت اسکے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔
سندھ کے وزیرِاطلاعات نے کہا کہ توشہ خانہ کی چیزوں کی چوری پر جے آئی ٹی بننی چاہیے۔