Thursday, January 27, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس تعینات

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس تعینات
January 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس تعینات ہو گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعیناتی آئین کے آرٹیکل ایک سو پچھہتر اے کے تحت کی۔ جسٹس عمر عطا کی بطور چیف جسٹس تعیناتی دو فروری دو ہزار بائیس سے مؤثر ہو گی۔ چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی اور پشاور میں حاصل کرنے کے بعد کولمبیا یونیورسٹی امریکا سے گریجویشن کیا۔ کیمبرج یونیورسٹی کے لنکن اِن سے بیرسٹر کی سند حاصل کی۔ 1983ء میں لاہور ہائی کورٹ اور کچھ برسوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے درج ہوئے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھایا ۔ وہ دو سال کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔ جون 2014ء میں ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ اپنے اعلیٰ عدالتوں میں منصب قاضی کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جسٹس بندیال نے اہم مقدمات کے فیصلے دیئے۔

 ادھر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد فروری 1957 کو کراچی میں پیدا ‏ہوئے۔ ابتدائی تعلیم اور ایل ایل بی کی ڈگری کراچی سے مکمل کی۔ اٹھارہ جنوری 1986 کو ‏بطور وکیل، 4 اپریل 1988 کو بطور ایڈوکیٹ ہائی کورٹ اور 15 ستمبر 2001 کو ‏بطور ایڈوکیٹ سپریم کورٹ این رول ہوئے۔ آپ 1999-2000 میں سندھ ‏ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری بھی رہے۔ جسٹس گلزاراحمد کو سول ،لیبر ،بینکنگ ،کمپنی اور کارپوریٹ سیکٹر لاء ‏پر عبور حاصل ہے۔

جسٹس گلزاراحمد 27 اگست 2002 کوسندھ ہائی کورٹ 16 نومبر2011 کو سپریم ‏کورٹ کے جج بنے۔ جسٹس گلزار بے خوف اور نڈر شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ‏جسٹس گلزاراحمد فیصلے اوپن کورٹ میں سناتے ہیں، وہ زیادہ دیر تک فیصلے محفوظ نہیں ‏رکھتے اور کیس جلد نمٹانے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔