Sunday, September 8, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22 جولائی کو ہوگا، سپریم کورٹ کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22 جولائی کو ہوگا، سپریم کورٹ کا حکم
July 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – سپریم کورٹ نے وزارت اعلیٰ پنجاب کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت عظمیٰ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب 22 جولائی کو کرانے کا حکم دیدیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف نے اپیل کی تھی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے دس صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا، لکھا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا نوٹی فکیشن جاری کریں گے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں پر ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایک ہفتے میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم بھی دیا۔ لکھا کہ ضمنی انتخابات جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے اور ضمنی انتخابات والے حلقوں میں نئی ڈویلپمنٹ اسکیموں کے لیے یا دیگر فنڈز جاری نہیں کیے جائیں گے۔

عدالت نے لکھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق ضمنی انتخابات کے حلقوں میں ٹرانسفرز ،پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہوگی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن قانون کے مطابق کاروائی کرے گا۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور اسپیکر اسمبلی پرویز الہٰی نے ووٹنگ اور نتائج کے مراحل پرامن کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

حمزہ شہباز نے یقین دلایا ہے کہ وہ اور ان کی صوبائی کابینہ آئین کے مطابق اپنے اختیارات استعمال کرے گی۔

عدالت نے تحریر کیا کہ لاہور ہائی کورٹ تحریک انصاف کی درخواستوں پر تفصیلی حکم جاری کرے۔ عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو
ترامیم کے ساتھ نمٹاتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر کسی کو اعتراضات ہوں تو اسکو متعلقہ فورم پر چیلنج کیا جاسکتا ہے۔