Thursday, April 18, 2024

سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، وزیراعظم عمران خان

سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ آیا قبول کریں گے، وزیراعظم عمران خان
April 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – وزیراعظم عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کو قبول کرنے کا اعلان کر دیا۔ قانونی ٹیم سے مشاورت میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انتخابات کیلئے تیار ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں اٹارنی جنرل، بابر اعوان، اظہر صدیق شامل تھے۔ ملاقات میں سپریم کورٹ کی سماعت اور ممکنہ فیصلے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قانوی ٹیم سے گفتگو میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی فیصلہ آیا قبول کرینگے۔ عوام کی عدالت میں جانے کیلئے تیار ہیں۔ کسی صورت غیر ملکی سازش کو کسی طور پر کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

وزیراعظم عمران خان نے قومی ایمرجنسی سروس 911 کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ جب تک معاشرے کے تمام طبقات کیلئے وسائل خرچ نہیں کریں گے تب تک ایک فلاحی ریاست کا قیام ممکن نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا ماڈل ہمارے لیے آئیڈیل ہے جو ہمیں بتاتا ہے کہ پہلے وسائل نہیں نظام ٹھیک کرنا ہوتا ہے، جب نظام انصاف کا بن جائے تو اللہ تعالی برکت ڈال دیتا ہے۔