Saturday, September 21, 2024

سپریم کورٹ کا ارشد شریف قتل کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا ارشد شریف قتل کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم
December 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ نے ارشد شریف قتل کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم دیدیا۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے ارشد شریف قتل کیس کے ازخود نوٹس پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو مخاطب کیا اور کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو واپس آئے کافی عرصہ ہوگیا، حکومتی کمیشن کی حتمی رپورٹ تاحال عدالت کو کیوں نہیں ملی؟ یہ کیا ہورہا ہے۔ کیا وزیرداخلہ کو بلالیں؟ کہاں ہیں وزیرداخلہ؟ کہاں ہیں سیکرٹری خارجہ؟ اسد مجید صاحب تو پہلے سے ہی کافی مقبول ہیں۔ سوشل میڈیا پر کیا کیا نہیں کہا جارہا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے رپورٹ کل تک جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی تو چیف جسٹس نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ جو میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی وہ بھی غیرتسلی بخش ہے، ہر انسانی جان کو سنجیدگی سے لینا ہوتا ہے، صحافیوں کےساتھ کسی صورت بدسلوکی برداشت نہیں کی جاسکتی، پاکستان میں صحافی سچائی کی آواز ہیں، اگر صحافی جھوٹ بولیں تو حکومت کارروائی کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزیرداخلہ فیصل آباد میں تھے جب رپورٹ آئی، رانا ثنااللہ کے دیکھنے کے بعد رپورٹ سپریم کورٹ کو دی جائے گی۔ رپورٹ میں کچھ حساس چیزیں ہوسکتی ہیں۔ اس پر  چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وزیرِداخلہ کو رپورٹ تبدیل کرنی ہے؟ 

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  پاکستان میں ارشد شریف کے قتل کا فوجداری  مقدمہ درج کیوں نہیں ہوا؟ اس پر سیکرٹری داخلہ  نے مؤقف اپنایا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کا جائزہ لے کر  مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ ہو گا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ کیا مقدمہ درج کرنے کا یہ قانونی طریقہ ہے؟ جسٹس اعجازالاحسن نے بھی استفسار کیا کہ  مقدمہ درج کیے بغیر تحقیقات کیسے ہوسکتی ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ پانچ رکنی بینچ حالات کی سنگینی کی وجہ سے ہی تشکیل دیا ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ آج ہی جمع کرائیں تاکہ کل اس پر سماعت ہوسکے۔ 43 دن سے رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ صحافی قتل ہو گیا سامنے آنا چاہیے کہ کس نے قتل کیا۔ قتل سے متعلق عوام کو بہت خدشات ہیں، ارشد شریف قتل کے تمام حقائق کو سامنے لانا ہو گا۔ کیس میں کس کس پر انگلی نہیں اٹھائی گئیں۔

عدالت نے ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر آج رات تک درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کر دی۔