Sunday, September 8, 2024

سپریم کورٹ آئندہ ہفتے 4 اہم مقدمات کی سماعت کرے گی

سپریم کورٹ آئندہ ہفتے 4 اہم مقدمات کی سماعت کرے گی
August 18, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سپریم کورٹ 21 سے 23اگست کو 4اہم مقدمات کی سماعت کرے گی، جن میں والیم 10 جاری کرنے اور مریم نواز اور رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواستیں بھی شامل ہیں، رجسٹرار آفس نے کازلسٹ جاری کردی۔

سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے 3 دن کے دوران 4 اہم ترین کیسز کی سماعت ہوگی، رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی۔

21 اگست کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 2014 میں تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق شاہد اورکزئی کی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

22 اگست کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ نیب نے شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی۔

22 اگست کو ہی چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نوازشریف کیخلاف پاناما جے آئی ٹی کے والیم ٹین جاری کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا، یہ درخواست برطانیہ کی براڈ شیٹ کمپنی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ کمپنی والیم ٹین کو بطور شواہد برطانیہ کی عدالت میں پیش کرنا چاہتی ہے، اس لئے والیم ٹین جاری کیا جائے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ہی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 23 اگست کو ن لیگ کے رہنماء رانا ثنا اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا، نیب نے رانا ثنا اللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی، عدالت نے اس حوالے سے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔